اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ فلاحی کاموں میں خرچ کرنے والوں کی ضروریات کو اللہ اپنے ذمہ لے لیتا ہے ۔ لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان پر بڑی تنقید ہوتی ہے مگر اللہ اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک یہ بہترین اعمال میں سے ہیں ۔ وہ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں سبجا فائونڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جس بھی کاروبار کے ساتھ فلاحی کام، اللہ کی مخلوق کی خدمت اور اللہ کے بندوں کی بھلائی شامل ہوگی وہ کاروبار بہت پھیلتا ہے انہوں نے کہا کہ جب اللہ کے بندوں کا حصہ کسی کاروبار میں شامل ہوتا ہے تو اس میں غیب سے برکت شامل ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محتاج اور ضرورتمند لوگوں کو کھانا کھلانا اور کھانے پینے کی چیزیں تقسیم کرنے کی اللہ نے بہت بڑی قدر و قیمت رکھی ہے وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ برصغیر میں صوفیا کرام کا طریقہ بھی یہی رہا ہے وہ لوگوں کو کھانا کھلاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سرکارِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ بھوکوں کو کھانا کھلانا اور انہیں سلام کرنا بہترین اعمال ہیں انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم میں متعدد مقامات پر کھانا کھلانے کی فضیلت بیان کی گئی ہے اور ضرورت مندوں کو کھانا کھلانے کی ترغیب دی گئی ہے اللہ کی محبت میں کھانا کھلانے کو بہت بڑے اعمال قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یتیموں ضرورت مندوں کو کھانا کھلانے کا عمل خیر کا کام ہے ہماری حکومت اور عمران خان پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ لوگوں کو منگتا اور سوالی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ایک بندے کو شدید سردی کے موسم میں چوک سے اٹھا کر گرم بستر دینا، کھانا کھلانا اور ناشتہ دینے کی اہمیت وہی شخص جانتا ہے انہوں نے کہا کہ دوسرے بڑے کاروباری شخصیات کو بھی چاہیے کہ وہ اللہ کے دیے میں سے ضرورت مندوں کی مدد کریں اور ایسے فلاحی کاموں میں خرچ کرنے والے لوگوں کی ضروریات کو اللہ اپنے ذمے لے لیتا ہے اگر کوئی چاہتا ہے کہ میں کامیاب اور سرخرو ہو جاؤں اس کا راستہ یہی ہونا چاہیے اور اسے فلاحی کاموں میں حصہ لینا چاہیے۔