فلسطین کا عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے موثر اقدام کا مطالبہ

40

رام اللہ ۔10جولائی (اے پی پی):فلسطین نے ب عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے موثر اقدام کا مطالبہ کیا ہے ۔ سبق نیوز کے مطابق فلسطینی وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کو فلسطینی عوام پر جاری جارحیت خصوصا ان کے مکانات کو منہدم کیے جانے سے روکنے کے لیے دباو ڈالے۔

فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ پٹی میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے جاری جارحیت اور نسل کشی کے ساتھ اب مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی مظالم میں اضافہ ہو رہا ہے۔فلسطینی وزارتِ خارجہ نے کہاکہ ’ان یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، انسانی حقوق کونسل اور متعلقہ اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مسلسل اٹھایا جارہا ہے تاکہ ان اقدامات سے اسرائیل کو باز رکھا جائے۔

وزارت نے عالمی برادری پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ’مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر بین اقوامی قانون کے فوری نفاذ کو یقینی بناتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو فوری طورپر فعال کرایا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی سطح پر اسرائیل پردباڈ ڈالا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی امن کوششوں کو مسلسل نظرانداز کرنے اور فلسطینی عوام کے خلاف مظالم کا سلسلہ بند کرے۔