23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںفلسطین کے معاملہ پر او آ ئی سی اور عرب لیگ کا...

فلسطین کے معاملہ پر او آ ئی سی اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے ،طاہر اشرفی

- Advertisement -

لاہور۔11اپریل (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی سر زمین سے بے دخل کرنے کی کوئی سازش قابل قبول نہیں،اس وقت مسلم امہ کے اتحاد اور وحدت کی ضرورت ہے، ہمیں اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا چاہیے ، عوام اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی جلوسوںمیں پر امن رہیں،فلسطین کے معاملہ پر او آ ئی سی اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلایا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مسجد بحریہ ٹائون میں خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملک بھر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں”یوم یکجہتی فلسطین ” منایا گیا ، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی جلوسوں اور مظاہروں میں پر امن رہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کرنا اوران کی مدد بھی کرنی ہے ،

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اس وقت صورت حال یہ ہے کہ اسرائیل صرف فلسطین پر جارحیت نہیں کر رہا بلکہ شام ، لبنان اور یمن میں بھی مظلوم مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ،گریٹر اسرائیل کے منصوبہ کے خلاف پوری مسلم امہ ایک ہو جائے اور متحد ہو کر فلسطین پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کا مقابلہ کر ے ، اسے معاشی طور پر کمزور کرنے کیلئے یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ،عوام فلسطینیوں کیلئے امداد بھیجنے والی تنظیموں اور حکومت پاکستان سے مکمل تعاون کریں۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ،پاک فوج اور عوام فلسطینیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم فلسطینیوں سے فاصلے پر ضرور ہیں لیکن ہمارے دل اور روح غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،حضورﷺ کا فرمان ہے کہ تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں اگر جسم کے کسی ایک حصے کو تکلیف ہوتی ہے تو پورا جسم اس تکلیف کو محسوس کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی سر زمین سے بے دخل کرنے کی کوئی سازش مسلمانوں کو قابل قبول نہیں ،ہم کسی صورت فلسطین کی سر زمین کی تقسیم نہیں چاہتے ، ہم ایک آزاد اور خودمختار فلسطین کا قیام چاہیے ہیں

جس کا دارالخلافہ القدس ہو،فلسطینیوں کی سرزمین مسلمانوں کی تھی اور مسلمانوں کی ہی رہے گی، اس پر کسی غیر مسلم کا قبضہ قبول نہیں کیا جاسکتا، اس سرزمین پر حضرت محمد ﷺنے انبیاء کرام کی امامت کی اور اللہ نے اس سرزرمین کو مسلمانوں کے حوالے کیا ہے ۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین کے معاملے پر او آ ئی سی اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب میں بلایا جائے جس میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی قرار داد منظور کی جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580808

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں