فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار افضال احمد طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے

362
فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار افضال احمد طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے

لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار افضال احمد طویل علالت کے باعث جمعہ کے روزمقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔افضال احمد برین ہیمریج اور فالج کے عارضے میں مبتلا تھے اور وہ لاہور کے جنرل ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق افضال احمد کو گزشتہ روز ہسپتال میں داخل کرایا گیا، برین ہیمریج کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ افضال احمد گزشتہ کئی برس سے فالج کے مرض میں مبتلا تھے ،فالج کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد زبان پر لقوہ پڑگیا جس کے باعث وہ قوت گویائی سے محروم ہوگئے اور معذوری کے باعث وہیل چیئر پر آگئے تھے۔نامور اداکار افضال احمد جھنگ کے سید گھرانے میں پیدا ہوئے،

انہوں نے ایچی سن سے تعلیم حاصل کی،انہوں نے اشفاق احمد کے ڈرامے اچے برج لاہور دے(کارواں سرائے )میں صرف18برس کی عمر میں50 سالہ بوڑھے کا کردار ادا کرکے سب کو حیران کر دیا تھا،اداکاری کے شوقین افضال احمد نے اپنے 35 سالہ کیریئر کے دوران اردو، پنجابی، پشتو فلموں میں کام کیا، انہوں نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے کے باعث 90 ء کی دہائی میں خوب شہرت حاصل کی۔

افضال احمد نے 1968 سے 2012 کے درمیان 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے،اداکار نے فلمی کیر ئیر کا آغاز فلم دھوپ اور سویرا سے کیا،افضال احمد کی چند مشہور فلموں میں انسان اور گدھا،پہلا وار،خبردار،سستا خون مہنگا پانی اور دیس پردیس ، مسٹر چارلی سمیت درجنوں فلمیں شامل ہیں،افضال احمد فلم،ٹی وی اور تھیٹر پلے میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے شہرت کی بلندیوں تک پہنچے،

افضال احمد کئی دہائیوں تک اداکاری کے شعبے سے وابستہ رہے اور اپنی اداکاری سے مداحوں کو محظوظ کیا،انہوں نے یوں تو مختلف نوعیت کے کردار ادا کئے لیکن شہرت منفی کرداروں سے ملی،اداکار کو ان کی فنی خدمات پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا،لیجنڈری اداکار نے متعدد مشہور ٹی وی ڈراموں میں بھی لازوال کردار ادا کیے،اسٹیج کی دنیا میں ان کا ڈرامہ میلی چادر کو اتنی پذیرائی ملی کہ مسلسل کئی سال تک وہ ڈرامہ اسٹیج پر کیا جاتا رہا۔ دریں اثناء شوبز، سماجی و سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے معروف اداکار افضال احمد کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،

انہوں نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں اداکار افضال احمد کا خلا کبھی پورا نہیں ہو گا، ان کی انڈسٹری میں فنی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔