اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہےپاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ملاقات کے لئے آئے پاکستان میں تعینات ترک سفیر مہمت پچاجی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں تاریخی اور برادرانہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ترکیہ میں حالیہ بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا درد ہم نے محسوس کیا ہے، ترکیہ بھی اس درد سے دوچار ہے
ہم مضبوط ملک ہیں، دہشت گردی کے واقعات ہمیں بطورقوم کمزور نہیں کر سکتے۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ترک ڈرامے پاکستان میں بہت مقبول ہیں، ترکیہ کے ساتھ مل کر فلمیں تیار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے فلم ساز پاکستان میں فلم انڈسٹری کے شعبہ میں ٹیکس مراعات سے مستفید ہو سکتے ہیں
پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں، ترکیہ کے فلم ساز ان خوبصورت سیاحتی علاقوں میں فلم بندی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مل کر اپنی ثقافت کو فروغ دیں، اس ضمن میں پاک چائنہ سینٹر میں مشترکہ فلمیں بھی دکھائی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ترک فلمیں بھی لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ ترکیہ اپنی 100 ویں سالگرہ منا رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ مل کر ان تقریبات کو یادگار بنائیں۔ ترک سفیر نے علاقائی تعاون میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی دلچسپی کو بھی سراہا۔