منیلا۔27جولائی (اے پی پی):شمالی فلپائن میں 7.1 درجے شدت کے زلزلے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے امریکی جیالوجیکل سروے کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کی شدت سے عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور زلزلے کا مرکز دارالحکومت منیلا سے 300 کلومیٹر(185میل) دور تھا جہاں پر بلند و بالا ٹاوربھی لرز گیا۔
دارالحکومت منیلا ،لوزون کے مرکزی جزیرے اور ہلکی آبادی والے صوبے ابرا میں بدھ کی صبح 8بجکر 43منٹ پر ابتدائی طور پر 6.8 درجے شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پولیس میجر ایڈون سرجیو نے میڈیا کو بتایا کہ ڈولورس کے علاقے میں زلزلے سے عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں ، شیشے ٹوٹ گئے اور خوفزدہ لوگ مکانوں سے باہر سٹرکوں پر نکل آئے۔انہوں نے کہا کہ شدید زلزلے سے پولیس سٹیشن کی عمارت میں معمولی دراڑیں آئی ہیں۔
فیس بک پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں قریبی قصبے بنگویڈ میں سفالٹ روڈ اور گرائونڈ میں دراڑیں پڑ گئیں، تاہم دکانوں یا مکانات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔پولیس چیف نے کہاکہ بنگویڈ میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام نے کہا کہ فلپائن میں بدھ کو آنے والے زلزلہ گزشتہ برسوں کے دوران سب سے شدت کا تھا۔واضح رہے کہ اکتوبر 2013 میں وسطی فلپائن کے بوہول جزیرے میں 7.1 شدت کے زلزلے اور لینڈ سلائنڈنگ سے 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔