فوڈ اتھارٹی حکام کا بلوچستان یونیورسٹی کی کینٹین کا معائنہ، صفائی کی ابتر صورتحال پر جرمانہ عائد

138
Balochistan Food Authority

کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشن کی ہدایت پر بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ میں قائم کینٹین کا معائنہ کیا، معائنے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صفائی کی ابتر صورتحال،زائد المیعاد اشیاء ، کوکنگ ایریا میں حشرات کی موجودگی، چائنیز نمک کے استعمال، ورکرز کی ذاتی صفائی کی ابتر حالت ، پراسیسنگ ایریا میں گندگی، بی ایف اے لائسنس کی عدم دستیابی، خوراک میں نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر جرمانہ عائد کیا اور اصلاحی نوٹس جاری کیا۔ دریں اثناء حب شہر میں بی ایف اے زونل انسپیکشن ٹیم نے موبائل لیب کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 12 یونٹس کا معائنہ کیا،

جن میں سے 3 یونٹس کو جرمانہ جبکہ 6 یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم کے مطابق مختلف ملک شاپس سے ملک سیمپلز لیکر موبائل لیب کے ذریعہ موقع پر ٹیسٹ کیے گئے ، دودھ میں پانی کی وافر مقدار ملاوٹ کرنے پر ملک شاپس کے مالکان کو جرمانہ و متعدد یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔