فوڈ اتھارٹی کی جنوبی پنجاب میں کارروائیاں جاری

183
Food Safety Teams
Food Safety Teams

ڈیرہ غازی خان۔ 19 ستمبر (اے پی پی):فوڈ اتھارٹی کی جنوبی پنجاب میں کارروائیاں جاری ہیں اور فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژنز میں متعدد ریسٹورنٹس کو بھاری جرمانے عائد کرنے کے علاوہ 90 لیٹر مضر صحت کیچپ،37 کلو ملاوٹی مصالحے اور 25 لیٹرمضر صحت آئل تلف کردیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایت پر عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ڈیرہ غازی خان میں قائد اعظم روڈ بلاک نمبر 8 میں سوڈا واٹر فیکٹری کو دوسرے برانڈز کی بوتلوں میں فیلنگ کرنے،پانی کی تجزیہ رپورٹ نہ ہونے پر 12 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

اسی طرح جتوئی مظفرگڑھ میں سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ کو خوراک زمین پر سٹور کرنے،ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اس کے علاوہ آئل تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے،ملاوٹی مصالحوں کا استعمال کرنے پر ریلوے روڈ کوٹ مٹھن راجن پور میں معروف ریسٹورنٹ کو 15 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

شکار پوری گیٹ بند روڈ بہاولپور سٹی میں کیچپ یونٹ کو کیچپ کی تیاری میں مضمر صحت کلر کا استعمال کرنے پر 12 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔مزید برآں العزیز سٹیٹ رنگ روڈ پر واقع کریانہ سٹور کو ملاوٹی مرچیں فروخت کرنے پر 20 ہزار جبکہ یزمان میں بیکری کو گندے فریزر میں خوراک سٹور کرنے پر 15 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔علاوہ ازیں ظاہر پیر خان پور میں ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں ملاوٹی مصالحوں کا استعمال کرنے پر 12 ہزار جبکہ پھاٹک بازار خان پور میں 2 سپر سٹورز کو ایکسپائرڈ اشیا کی فروخت ر 19 ہزارروپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔