مظفرآباد ۔26فروری (اے پی پی):فوڈ اتھارٹی کی چھتر میں ناکہ بندی،غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیاء خوردونوش کی بڑی کھیپ ضبط کر کے مالکان پر بھاری جرمانے اور چار کو نوٹس جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر و سیفٹی آفیسر مظفرآباد انجینئر ابرار احمد میر نے ہمراہ ٹیم فوڈ اتھارٹی گزشتہ رات چھتر مظفرآباد کے مقام پر ناکہ لگا کر مختلف مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی۔
دوران چیکنگ غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیاء کی فروخت میں ملوث سپلائرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔چیکنگ کے دوران غیر معیاری اشیاء خوردونوش ضبط کر لی گئی جبکہ ذمہ داران کو بھاری جرمانے عائد اور چار کو نوٹس جاری کئے گئے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد انجینئر ابرار احمد میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ملاٹ کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔عوام ایسے افراد کی نشان دہی کریں فوڈ اتھارٹی مظفرآباد سخت کارروائی کرے گی۔