لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):نیوٹریشن انٹرنیشنل نے نیشنل فورٹیفکیشن الائنس کے اشتراک سے لاہور میں فوڈ فورٹیفیکیشن پروگرام کے سالانہ جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں پاکستان میں گندم ‘آٹا،خوردنی تیل اور دوسرے نیوٹریشنز فوڈز کی سالانہ فورٹیکفیشن پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ خوراک پنجاب، نیشنل فورٹیفکیشن الائنس، پنجاب فوڈ اتھارٹی، پاکستان ا سٹینڈرز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی، پی سی ایس آئی آر، محکمہ صحت،خوردنی تیل کے مینوفیکچرنگ یونٹس کے مالکان اور پاکستان بناسپتی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری خوراک خالد محمود ٹیپو نے کی۔ایڈیشنل سیکرٹری خوراک خالد محمود ٹیپو نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو پنجاب کی سربراہی میں محکمہ خوراک پنجاب کی تمام تر توجہ شہریوں کو فوڈ سیفیٹی اور نیوٹریشن غذا کی فراہمی پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کااہم مقصد عوام کو معیاری، ہائی جینک اور محفوظ خوراک فراہم کرنا ہے۔
محکمہ خوراک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی ملکرآٹا کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ملک میں زیادہ تر لوگ نچلے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کے شہریوں کو متوازن غذا کی فراہمی کا مسئلہ درپیش ہے اور اس علاقے کے بچوں اور خواتین کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے جن کی بنیادی وجہ خوراک میں صحت مند لازمی اجزا اور وٹامنز کا شامل نہ ہونا ہے۔
محکمہ فوڈ پنجاب ان علاقوں کے لوگوں کی بہتر غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ صحت مند لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔جو ملک کو ایک اچھی افرادی قوت کی صورت میں ممد و معاون ثابت ہو سکے گا۔انھوں نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کی 700فلور ملز کو وقتا فوقتا ہدایات جاری کرتا رہتا ہے کہ وہ زنک اور دوسرے اہم نیوٹریشن سے بھرپور آٹے کی تیاری یقینی بنائیں۔ خالد محمود ٹیپو نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ خوراک کے تحت پنجاب فوڈ فورٹیفیکیشن بل تیاری کے آخری مراحل میں ہے جسے آنے والی اسمبلی سے پاس کرا لیا جائے گا۔ جس کے تحت فورٹیفیڈ فوڈ،فوڈ انڈسٹری کا لازمی حصہ ہو گا۔یہ قانون جلد از جلد اگلی اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا۔قبل ازیں ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر نیوٹریشن انٹرنیشنل ڈاکٹر عرفان اللہ نے ملک میں غذائی قلت کی موجود صورتحال پر روشنی ڈالی۔ نیشنل کوآرڈینیٹرنیشنل فورٹیفکیشن الائنس خواجہ مسعود احمد نے اپنے خطاب میں پاکستان میں غذائی قلت سے نمٹنے کے لئے حکومت کے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
نیشنل پروگرام منیجر نیوٹریشن انٹرنیشنل ضمیر حیدر نے خوردنی تیل کی فورٹیفکیشن پر ابتک کی پیشرفت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ نیوٹریشن انٹرنیشنل خوردنی تیل کی فورٹیفکیشن کو یقینی بنانے کے لئے 150سے زائد ملوں کے ساتھ کام کررہی ہے۔ اجلاس سے پاکستان بنا سپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر طلال چوہدری کے علاوہ آئی آرایم این سی ایچ، پی ایف اے، پی ایس کیو سی اے اور پی سی ایس آئی آر کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔