فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،درجنوں ایجنٹس کے لائسنس معطل کر دیئے گئے ، 3 افراد گرفتار اور ایک اپریزنگ افسر کے خلاف تحقیقات کا آغاز، ایف بی آر

105

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ،درجنوں ایجنٹس کے لائسنس معطل کر دیئے گئے ، 3 افراد گرفتار کر لئے گئے اور ایک اپریزنگ افسر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ایف بی آر کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کسٹمز نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کرنے کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے ، یہ سسٹم معیاری اور تیز اسسمنٹ کے لئے حال ہی میں متعارف کرایا گیا تھا ۔ ایف بی آر نے کہا ہے کہ چونکہ ایسی کوشش کی توقع تھی اس لئے ایف بی آر نے کراچی کسٹمز کی ٹیم کو مسلسل کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی تھی۔ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کرنے میں ملوث پائے گئے افراد کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

کراچی کسٹمز نے اس غیر قانونی سرگرمی میں شامل 45 ایجنٹس کے کسٹمز لائسنس معطل کر د یئے ہیں اور ان کے خلاف کسٹمز ایجنٹس رولز کے تحت شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ہیر پھیر کی اس کوشش میں ملی بھگت کے مرتکب ایک اپریزنگ افسر کو ایف بی آر نے گزشتہ روز معطل کرکے اس کے خلاف افیشینسی اور ڈسپلن رولز کے تحت باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کرنے میں ملوث ایجنٹس، اپریزنگ افسر اور دیگر پرائیویٹ افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف بی آر نے کہا ہے کہ ایک تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے اور اب تک تین افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کسٹمز کلیئرنس کا کام موثر طریقے سے کر رہا ہے جس کی وجہ سے کسٹمز کلیئرنس میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہو رہی ہے ۔ اس سسٹم کو کسٹمز کلیئرنس کے میدان میں اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم نے تقریباً دو ہفتے قبل اس سسٹم کا افتتاح کیا تھا۔