فیسکو ریجن بھرمیں پروریٹا پروگرام کی بنیاد پر بلنگ کر رہی ہے جو30 یا 31 دن کے مہینے پر مبنی ہے،ترجمان فیسکو

176

لاہور۔ 09 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) ریجن بھر کے آٹھوں اضلاع میں پروریٹا پروگرام کی بنیاد پر بلنگ کر رہی ہے اور یہ بلنگ 30 یا 31 دن کے مہینے پر مبنی ہے اسلئے اوور بلنگ کا واویلا محض پروپیگنڈا ہے۔فیسکوکے ترجمان طاہر شیخ کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت پراس بلنگ پروگرام کے تحت 48لاکھ گھریلوصارفین کو 30دنوں کی کھپت کے لحاظ سے بلوں کا اجراکیا جا رہا ہے جبکہ اس بلنگ پروگرام کا اجراصارفین کی درست اور بروقت بلنگ کو یقینی بنانے کیلئے کیا جا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں صارفین کی طرف سے زائد دنوں کی ریڈنگ کا احتمال بھی ظاہر کیاجاتا تھالیکن پروریٹا بلنگ کے باعث درست اورپورے مہینے پر مبنی ریڈنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروریٹا بلنگ سے قبل میٹر ریڈرزبلنگ کے دنوں کو ایڈجسٹ کر سکتے تھے جبکہ پروریٹابلنگ سے تقسیم کار کمپنی کی بجائے صارفین کو فائدہ ہوتا ہے۔فیسکو ترجمان نے مزید کہا کہ ماہ جون میں پروریٹا بلنگ کے باعث 1لاکھ 37 ہزار صارفین کو 10 لاکھ یونٹس کا فائدہ دیا گیانیزماہ جون میں تقریباً14ہزار صارفین کی عید تعطیلات کی وجہ سے قبل ازوقت پروریٹابلنگ کی بنیاد پر ریڈنگ ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی ہدایت پرریجن کے14ہزار متاثرہ صارفین کو ریلیف پہنچانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد کم کھپت کی وجہ سے سردیوں میں بڑھ جاتی اور زیادہ استعمال کی وجہ سے گرمیوں میں کم ہو جاتی ہے۔انہوں نے اس عزم کااعادہ کیا کہ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی،بہتر کسٹمر سروسز بالخصوص بجلی کی کھپت کے لحاظ سے درست بلنگ کو یقینی بنایا گیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔