فیصل آباد۔ 10 ستمبر (اے پی پی):فیسکو کی بجلی چوری کے خلاف خصوصی مہم زوروشور سے جاری ہے۔فیسکوریجن میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن میں مزید 87افرادکوبجلی چوری میں ملوث ہونے پرایک کروڑسے زائد کے جرمانے عائد۔فیسکو ترجمان طاہر شیخ نے آج اتوار کو بتایا کہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن)کی ہدایات کی روشنی میں فیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔فیسکو کے زیر انتظام فیصل آبادفرسٹ،سیکنڈ،جھنگ،ٹوبہ،میانوالی اورسرگودھا آپریشن سرکلز کی اینٹی تھیفٹ ٹیموں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید87 بجلی چوروں کوپکڑلیا جو ڈائریکٹ سپلائی،میٹر کی باڈی میں سوراخ کرکے،شنٹ سسٹم، میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ کرکے اور مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرکے محکمہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا رہے تھے۔
ان بجلی چوروں کے کنکشنزکاٹ دئیے گئے ہیں اورانہیں 3لاکھ 10ہزار سے زائد ڈٹیکشن یونٹس کی مد میں ایک کروڑ13لاکھ سے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانوں میں ایف آئی کے اندراج کیلئے درخواستیں بھی جمع کرادی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین دنوں کے دوران فیسکو ریجن میں بجلی چوری کے کل کیسز کی تعداد193 ہوگئی ہے
جن میں سے 42افرادکے خلاف مقدمات کا اندراج ہوچکاہے۔ دریں اثناء چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمدنے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور بجلی چوری کی فوری اطلاع فیسکو کے جاری کردہ نمبرز پر دیں تاکہ ان بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔یہ بجلی چور ملک و قوم کے دشمن ہیں اور بلوں میں اضافہ کا باعث ہیں۔ لہٰذا ان کے خاتمے کیلئے فیسکوکے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=388843