فیصل آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بدھ کی دوپہر پولیس کمپلیکس لائلپور ٹاؤن، کشمیر پل انڈر پاس فیصل آباد اور کیلیگرافی کی نمائش کا افتتاح کردیا۔وزیراعظم کی جانب سے مذکورہ منصوبہ جات کا افتتاح ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پولیس کمپلیکس لائلپور ٹاؤن فیصل آباد کی تعمیر 145.246ملین روپے کی لاگت سے 20 جنوری 2016 میں شروع کی گئی جس پر 95 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہوچکا ہے اور یہ منصوبہ 31 دسمبر 2020 تک پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کشمیر پل انڈر پاس کینال روڈ فیصل آباد کا منصوبہ 1280.209 ملین روپے کی لاگت سے 20 مارچ 2018 کو نیشنل لاجسٹک سیل کے ذریعے شروع کیا گیا جس کا 85 فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا ہے اور باقی کام 31 دسمبر 2020 تک مکمل کرکے اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گاجس سے شہریوں کو سگنل فری کینال روڈ سے ایکسپریس وے اور موٹر وے تک رسائی میں انتہائی آسانی ہوگی۔بعدازاں وزیر اعظم نے ہفتہ شانِ رحمت اللعالمینؐ کے سلسلہ میں ملک کے نامور مصوروں محمد قمر سلطان اور نثار احمد کے کیلیگرافی کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح بھی کیا۔کیلیگرافی نمائش میں بڑی تعداد میں قر آنی خطاطی سمیت دیگر انتہائی نادر و نایاب فن پارے نمائش کیلئے رکھے گئے جن میں رنگوں کی قوس قزح کو انتہائی دلکشی اور خوبصورتی و نفاست کے ساتھ کینوس پر بکھیرا گیا تھا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مذکورہ فن پاروں کے تخلیق کار مصوروں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا۔تقریبات کے دوران گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،وفاقی وزرا اسد عمر، حماد اظہر،چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی،صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین خان،صوبائی وزیر برائے وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم پنجاب محمد اجمل چیمہ، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد،وفاقی و صوبائی وزرا،پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب،چیئرمین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ فیض اللہ کموکا،ایم این اے شیخ خرم شہزاد،ممبران قومی اسمبلی راجہ ریاض،نواب شیر وسیر،چیئرمین ایف ڈی اے و ایم پی اے لطیف نذر،چیئرمین پی ایچ اے و ایم پی اے میاں وارث عزیز، پارلیمانی سیکرٹری لیبر میاں شکیل شاہد،ممبران صوبائی اسمبلی میاں خیال کاسترو،فردوس رائے،علی اختر،عادل پرویز گجر،عمر فاروق، کمشنر فیصل آباد ڈویژن ثاقب منان، ریجنل پولیس آفیسررفعت مختار راجہ، ڈپٹی کمشنر فیصل آبادمحمد علی، سی پی او محمد سہیل چوہدری اور دیگر اہم افراد بھی موجود تھے۔