فیصل آباد۔ 02 اپریل (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روف احمد نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عیدالفطر صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام ڈویژن کے چاروں اضلاع سے عیدالفطر کے تینوں ایام میں 14 ہزار 632 ٹن کچرا ٹھکانے لگایا گیا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے فیلڈ افسران و ماتحت عملہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو صفائی کی سہولیات فراہم کرنے میں ڈیوٹی پر مامور رہا۔
عید کے پہلے روز 5ہزار 251 ٹن، دوسرے روز 4ہزار 861 ٹن جبکہ تیسرے روز 4ہزار 520 ٹن کوڑاکرکٹ لینڈفل سائیٹ تک منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ امسال پہلی مرتبہ عیدالفطر کے موقع پر گرینڈ صفائی آپریشن کے اقدامات کئے گئے جبکہ دیہی علاقوں میں بھی صفائی آپریشن جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، عیدگاہوں اور قبرستانوں میں پانی کا چھڑکائو اور لائمنگ کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چاند رات کو زیرو ویسٹ آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے صبح 6 بجے تک تمام کمرشل مارکیٹس کو کلیئر کیا گیا۔صفائی کے موثر اقدامات کے تحت شہریوں کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن 1139 کو بھی فعال رکھا گیا۔ساتھ ہی ساتھ عوامی آگاہی مہم کے تسلسل میں علمائے کرام نے عید خطبات میں صفائی کی اہمیت پر خصوصی روشنی ڈالی جبکہ سوشل موبلائیزر کی جانب سے پبلک پارکس، مساجد و عید گاہوں کے باہر معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی روف احمد نے عیدالفطر صفائی آپریشن کی کامیابی پر شہریوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ کامیاب صفائی آپریشن کے انعقاد پر ہمارے ویسٹ ورکرز مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دن رات ایک کرتے ہوئے شہروں و دیہاتوں کو چمکائے رکھا۔انہوں نے بتایا کہ 15ہزار سے زائد کا عملہ فیلڈ آپریشن میں مصروف عمل تھا جبکہ 3ہزار سے زائد آپریشنل وہیکلز/ فلیٹ نے کوڑا کرکٹ کی تلفی میں حصہ لیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577949