فیصل آباد۔ 30 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد سمیت ملک بھر میں عالمی یوم مزدوراں آج یکم مئی بروز جمعرات کو منایا جائے گا۔ مذکورہ دن یکم مئی1886کو شکاگو میں مزدوروں کی جانب سے اوقات کار میں کمی اور بہتر حالات کار کیلئے شروع کی گئی جدو جہد اور قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو دنیا بھر کے محنت کشوں کیلئے تاریخ کے سنہری باب کا حصہ بن کر مشعل راہ کا روپ دھارتے ہوئے سامنے آئیں۔
اس موقع پر مزدور اپنے حقوق کی جدو جہد کے دوران قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے رفقا کو عقیدت و احترام کے ساتھ خراج تحسین پیش کریں گے جبکہ اس موقع پرفیصل ۱ٓباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل ۱ٓباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ، چنیوٹ سمیت تمام شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔
ورلڈ لیبر ڈے کے موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا جائیگا کہ تمام مزدور تنظیمیں اپنے مسائل کے حل کیلئے مل جل کر کام کریں گی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔اسی حوالہ سے لیبر فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام صبح 9بجے شکاگو کے مزدوروں کو خراج عقیدت وتحسین پیش کرنے کیلئے ایک ریلی نکالی جائے گی جولیبر فیڈریشن آف پاکستان کے دفترسول لائن سے شروع ہو کر ضلع کونسل چوک پہنچ کراختتام پذیر ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590212