فیصل آباد سمیت ڈویژن کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش

148
Heavy rain
Heavy rain

فیصل آباد۔ 20 فروری (اے پی پی):فیصل آباد سمیت ڈویژن کے مختلف شہروں میں بدھ کی رات سے شروع ہونےوالی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جمعرات کو بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہی ۔طویل خشک سالی کے بعد بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی کبھی ہلکی کبھی تیز بارش وقفہ وقفہ سے جمعرات کے روز بھی جاری رہی۔ مذکورہ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور مواصلات کے نظام سمیت ٹریفک کے بہاؤ میں بھی خلل آتا رہا۔

بارش کے بعد واسا کا عملہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے فیلڈ میں آگیا اور عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا۔ رواں موسم کی پہلی بارش کے دوران طویل عرصہ بعد ابر رحمت کھل کر برسا جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ ماہرین طب نے بتایا کہ شدید قسم کی فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے باعث وائرل انفیکشن کی وجہ سے گلے اور سانس کی بیماریوں میں زبردست اضافہ ہوگیا تھا خصوصاً دمہ اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں سمیت بوڑھے بزرگ اور معصوم بچے بری طرح مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بارش سے موسمی بیماریوں، فضائی و ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوگا اسی طرح جانور بھی مختلف موسمی امراض سے بچ جا ئیں گے۔ طویل عرصہ بعد ہونیوالی بارش سے گرد سے اٹے چھوٹے و بڑے پودوں اور درختوں کا حسن بھی دوبالا ہوگیا ہے۔

شہریوں نے باران رحمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے جس کے باعث بہت سے پیچیدگیوں اور بیماریوں سے نجات حاصل ہوئی ہے۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے کل( 21 فروری بروز جمعہ کو) بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔