فیصل آباد ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد میں 3 روزہ فرنیچر لیونگ ایکسپوکا افتتاح کردیا گیاجس میں فرنیچر اور اس سے متعلقہ50سے زائد اداروں کی جانب سے40فیصد رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے مولٹی فوم کے زیر اہتمام کیولم مارکی میں لگائی جانے والی مذکورہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرنیچر ایکسپو نے متعلقہ اداروں کی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کے علاوہ صارفین کو خصوصی رعایت دینے کا انوکھا سلسلہ شروع کیا ہے جس سے لوگوں میں پرانے فرنیچر کی تبدیلی اور نئے جدید فرنیچر کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرنیچر اور اس سے متعلقہ 50سے زائد اداروں کا ایک ہی چھت کے نیچے جمع ہونا اور خریداروں کو 40فیصد رعایتی نرخوں پر مختلف مصنوعات فراہم کرنا زبردست اقدام ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد نمائش کو دیکھنے آرہی ہے۔ انہوں نے مذکورہ نمائش کو فیصل آباد میں جدید رجحانات کو متعارف کرانے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولٹی آرتھو نے ایسے جدید سرہانے اور دیگر اشیا متعارف کرائی ہیں جن سے گردن اور کمر کی تکلیف میں مبتلا افراد کیلئے آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔
نمائش میں انواع و اقسام کا ہوم فرنیچر، ڈائننگ، میٹریس، سرہانے، گدے، قالین، رگز، میرج فرنیچر، صوفہ سیٹ، بیڈ سیٹ، گارڈن فرنیچر اور مساج کیلئے جدید کرسیاں بھی پیش کی گئی ہیں۔ انہوں نے نمائش کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ50سے زائد برانڈز کو ایک ہی جگہ پر جمع کرنا بہت بڑا اور قابل تعریف اقدام ہے۔ افتتاح کے بعد وہ مختلف سٹالز پر بھی گئے اور ان کی مصنوعات کے معیار کو سراہا۔ آخر میں ڈاکٹر نازش فیصل نے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور سینئر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔