23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںفیصل آباد میں خواتین کی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کی سہولت...

فیصل آباد میں خواتین کی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کی سہولت کیلئے ویمن ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر قائم کرنے کا اعلان

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 11 جون (اے پی پی):فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری،فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے فیصل آباد میں خواتین کی مصنوعات کی ’مارکیٹ تک رسائی‘ کی سہولت کیلئے ویمن ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر قائم کرے گا۔ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر اور تھنک ٹینک پر ایف پی سی سی آئی کی سٹینڈنگ کمیٹی کی چیئرپرسن مسز روبینہ امجد نے کہا کہ ان مصنوعات خاص طور پر ہاتھ سے بنی اشیا کی بیرون ملک روایتی اور غیر روایتی مارکیٹوں میں کافی مانگ ہے۔ایف پی سی سی آئی کے تعاون سے تھنک ٹینک کمیٹی کے زیر اہتمام ”پاکستان میں خواتین کے کاروبار کی ڈیجیٹل تبدیلی“ کے موضوع پر سمپوزیم کے شرکاسے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہم بین الاقوامی منڈیوں میں خواتین بالخصوص ہاتھ سے بنی اشیا کے لیے بہترین قیمتیں فراہم کرنے اور ان کے لیے سہولت فراہم کرنے کے قابل ہو جائیں تو پاکستان کی برآمدات کا حجم مزید بلند ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد وومن چیمبر کی بانی اور موجودہ صدر اور اب ایف پی سی سی آئی تھنک ٹینک کمیٹی کی چیئرپرسن ہونے کے ناطے انکابنیادی زور اس بات پر ہے کہ کاروباری خواتین یا سٹارٹ اپس کو ڈیجیٹل تبدیلی کے بین الاقوامی منظر نامے کے ساتھ سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ٹولز اور حکمت عملیوں کو اپناتے ہوئے کاروباری خواتین کو 200 سے زائد ممالک کے اس سیارے میں اپنی مسابقت اور مارکیٹ کی بنیاد کو بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ‘مارکیٹ تک رسائی’ پالیسی سازوں اور حکومت کی توجہ کے لیے سب سے اہم قدم ہے لہٰذا پالیسی سازوں کو اسے صحیح معنوں میں لینا چاہیے کیونکہ اس محاذ پر کاروباری خواتین کی حمایت کرنا ان کا مشن ہے۔روبینہ امجد نے کہا کہ ہم نے ایف پی سی سی آئی کے ساتھ اور اسٹیٹ بینک، سمیڈا اور دیگر کے ساتھ مل کر، ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ای کامرس ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، آئی ٹی کمپنیوں، بینکنگ انڈسٹری، سیلولر کمپنیوں اور غیر بینکنگ تنظیموں کے ماہرین کو ایک چھت کے نیچے لانے کے لیے دن رات کام کیا ہے۔

- Advertisement -

فیصل آباد وومن چیمبر میں، ہم نے پہلے ہی ”بزنس انکیوبیشن سنٹر“ قائم کیا ہے جسے اب انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ، حکومت پنجاب کے تعاون سے ‘ویمن ریسورس سنٹر’ میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کاروباری خواتین وقتاً فوقتاً منظم تربیتی پروگراموں اور کاروباری ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں،ہم ایم تھری علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں خصوصی خواتین انٹرپرینیورز بلاک اور خواتین کی مہارت کی ترقی کے مرکز کے قیام کے لیے کوشاں ہیں۔وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان کی نائب صدر محترمہ قرۃ العین نے ‘پاکستان میں خواتین کے کاروبار کی ڈیجیٹل تبدیلی’ کے موضوع پر اہم ترین سمپوزیم کے انعقاد پروفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان کی چیئرپرسن تھنک ٹینک کمیٹی وصدرفیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیصل آباد کے کردار کو سراہا اور انہیں اس کی کامیابی پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ فنانس تک رسائی اور مارکیٹ تک رسائی دونوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اشد ضرورت ہے اوروفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان اور تھنک ٹینک کمیٹی،فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں مل کر کام کریں گے۔انہوں نے ‘انڈسٹری،اکیڈیمیا لنکیج’ کی اولین اہمیت پر زور دیا اورکہاکہ تعلیم یافتہ خواتین گریجویٹس کو ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت فراہم کرنے والے کے طور پر کاروبار کا انتخاب کرنا چاہیے۔

مسز قرۃ العین بلال، ڈپٹی چیف منیجر، فنانشل انکلوژن ڈویژن، اسٹیٹ بینک آف پاکستان فیصل آباد نے آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور فارن ایکسچینج ریگولیشنز کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ فری لانسر اکاؤنٹس کھولنے کے لیے غیر ملکی آمدن ضروری ہے جبکہ اکاؤنٹ ہولڈر کو اس تناظر میں بے پناہ سہولیات اور مراعات دستیاب ہیں۔ سلائیڈز کی مدد سے، یہ بھی بتایا گیا کہ برآمد کنندگان غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں اور انہیں اس ای ایس ایف سی اکاؤنٹس میں ماہانہ 5000 امریکن ڈالر یا برآمدی آمدنی کا 50فیصد جو بھی زیادہ ہو، رکھنے کی اجازت ہے،آئی ٹی کمپنیاں،ای ایس ایف اکاؤنٹس میں رکھے گئے بیلنس کرنٹ اکاؤنٹ کی نوعیت کی تمام قسم کی ادائیگیوں کے لیے استعمال کر سکتی ہیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی، نان بینکنگ مائیکرو فنانس، ای کامرس اور سیلولر شعبوں کے نامور پیشہ ور افراد نے شرکا کی معلومات اور پیشہ ورانہ رہنمائی کے لیے ہر شعبے کے لیے علیحدہ علیحدہ پینل مباحثوں میں حصہ لیا۔

ایف پی سی سی آئی سکل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کنول سعید نے تینوں پینل ڈسکشن سیشنز کا انعقاد کیا۔ سرٹیفکیٹس کی تقسیم وی پی ایف پی سی سی آئی قرۃ العین ، چیئرپرسن ایف پی سی سی آئی تھنک ٹینک روبینہ امجد اور صدر ایف ڈبلیو سی سی آئی، جناب جاوید افضل سمیڈا کے صوبائی چیف پنجاب اور جناب مزمل سلطان صدر نے کی۔شکریہ کا ووٹ سینئر نائب صدر محترمہ تصغیرہ تجمل نے پیش کیا جبکہ ڈائریکٹر ٹیوٹا فیصل آباد اور چنیوٹ فیض محمد بزدار، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈبلیو آر سی صہیب، ریجنل چیف میزان بینک معظم سعید، سینئر آفیسر سٹیٹ بینک عقیل احمد، ایریا منیجر بینک اسلامی فیصل آبادضمیر الحسن، ایسوسی ایٹ پروفیسراورک ڈاکٹر سائرہ اختر، منیجر بی آئی سی جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر افراز گیلانی،عظمیٰ جمیل صدرآئی ای ای ای،عدیل جاویدسی ای او کیریئر انسٹی ٹیوٹ،فرحان لطیف فیٹکو اور دیگر اداروں کے سربراہان، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن وغیرہ سمپوزیم میں شامل ہوئے جبکہ تقریباً 200کاروباری خواتین اور کاروباری سٹارٹ اپس نے بھی شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474908

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں