فیصل آباد میں یوم استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

294

فیصل آباد۔5اگست (اے پی پی):فیصل آباد کے ضلع بھر میں جمعہ کو یوم استحصال کشمیراس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔اس ضمن میں حکومتی ہدایات پر صبح کے وقت سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے ساتھ سٹرکوں پر ٹریفک رک گئی۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر خلیق قریشی چوک،بیرون پریس کلب سے ہوتی ہوئی کچہری بازار پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ڈویژنل کمشنرزاہد حسین نے ریلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔

انہوں نے کشمیریوں پربھارتی ظلم وتشدد کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور بڑی ریلی کاانعقاد کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کااظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب ایک المیہ سے بڑھ کر انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر دنیا خاموش لیکن پاکستان پوری طاقت سے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اورکھڑا رہے گا۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔

اے ڈی سی جی،ایس ایس پی آپریشنز،سی ٹی اونے کہا کہ ظلم کے بادل چھٹنے کو ہیں اور کشمیری بھائیوں کی لازوال قربانیاں عنقریب رنگ لانے والی ہیں۔کشمیریوں کے جذبہ حریت کو بھارتی مظالم کی وجہ سے مزید تقویت ملی ہے۔اس موقع پر شرکا ریلی نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی حمایت سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف دو ٹوک اور اٹل ہے کشمیر کی آزادی کے علاوہ کسی بات پر سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے عالمی طاقتوں کی مجرمانہ غفلت اور بے ضمیری انتہائی قابل مذمت ہے۔

ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کی خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے کشمیریوں کے حق اور بھارتی ظلم واستبداد کے خلاف نعرے لگائے۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مختلف سیاسی،مذہبی وکاروباری حلقوں اوراین جی اوز کی طرف سے احتجاجی ریلیوں میں بھارتی ظلم کے خلاف آواز بلند کی گئی۔قبل ازیں ضلع کونسل کے جناح ہال میں سیمینار منعقد ہوا جس میں طالب علموں نے ملی نغمے پڑھے اور پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔

22کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پربے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔

اس موقع پرڈویژنل کمشنرزاہد حسین کے علاوہ ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ، ارکان اسمبلی شکیل شاہد،میاں وارث عزیز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل،چیف ٹریفک آفیسر میاں محمد اکمل،اسسٹنٹ کمشنرسٹی صاحبزادہ محمد یوسف،چیف آفیسرضلع کونسل غلام دستگیر،ڈائریکٹرکالجز پروفیسر کلثوم اختر،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،انچارج ضلعی کنٹرول روم محمد صادق،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ،اساتذہ،طالب علم اور سول سوسائٹی کے افرادبھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔شرکانے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔