فیصل آباد۔ 01 مئی (اے پی پی):ریسکیو 1122 نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ اپریل 2025 جاری کردی،13533 افراد کو مدد فراہم کی ۔ تفصیلات کے مطابق 1122فیصل آباد نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ اپریل 2025 جاری کردی۔ ترجمان زاہد لطیف نے بتایا کہ ریسکیو 1122 فیصل آباد نے گزشتہ ماہ 13292 ایمرجنسی کالز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 13533 افراد کو مدد فراہم کی۔ماہِ اپریل میں ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو 13292 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔
ریسکیو ٹیمز نے بروقت موقع پر پہنچ کر 2836 روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ، 8778 میڈیکل، 309 آگ لگنے، 360 کرائم، 06 ڈوبنے، 07 عمارت گرنے، 02 سلنڈر پھٹنیاور 902 دیگر متفرق ایمرجنسیز پر رسپانس کیا. انسانی خدمت کے ساتھ ساتھ 92 کالز پر پرندوں اور جانوروں کو بھی ریسکیو کیا گیا۔ گندم کی فصل میں آگ لگنے کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں گندم کی فصل میں آگ لگنے کے واقعات میں نمایاں آضافہ ہوا ہے۔ ماہِ اپریل میں 50 سے زائد گندم کے کھیتوں میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاتے ہوئے سینکڑوں ایکڑ رقبے کو محفوظ بنایااورآگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔
ترجمان نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی صورت میں گندم میں لگنے والی آگ سے فصلوں اور معاش کو کافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ خدانخواستہ آگ لگنے کی صورت میں فوری ریسکیو 1122 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کریں۔ کسانوں کو چاہیے کہ جب فصل پک کر تیار ہو جائے تو فصل کے قریب سگریٹ اور حقہ نوشی سے مکمل اجتناب کیا جائے۔
زرعی آلات اور مشینری کی باقاعدگی سے مرمت کروائی جائے تاکہ کسی قسم کی سپارکنگ سے بچا جائے۔ کسان احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے گندم کی فصل میں آگ لگنے کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں اور اپنی فصلوں، املاک اور معاش کی حفاظت کر سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590847