فیصل آباد ۔ 18 جولائی (اے پی پی):مشتعل افراد نے واسا آفس گلبرگ سب ڈویژن پر حملہ کر دیا اور مارپیٹ،پتھرائو کرتے ہوئے دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔
تھانہ گلبرگ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے متعدد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ تفصیل کے مطابق خواتین سمیت 22 سے زائد مشتعل افراد نے واسا آفس گلبرگ سب ڈویژن پر حملہ کر دیا اور مارپیٹ کرتے ہوئے پتھراؤ کیاجس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت دیگر عملہ نے کمروں میں چھپ کر جان بچائی جبکہ حملہ آور افراد نے انہیں یرغمال بنا لیا۔ملزمان نے لوہے کا مین گیٹ توڑ دیا،کرسیاں اور میز، الیکٹرک واٹرکولر،ریکارڈ الماری کی بھی توڑ پھوڑ کی۔
موقع پر موجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر گلبرگ ڈویژن نے ریسکیو 15 پر کال کی تو اسسٹنٹ کمشنر سٹی اریج حیدر گوندل اور ایس ایچ او گلبرگ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور سرکاری دفاتر پر حملہ،غنڈہ گردی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔اس حوالے سے واسا انتظامیہ نے ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔اس ضمن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا نے واضح کیا کہ ملزمان نے اے سی سٹی اور ایس ایچ او تھانہ گلبرگ کی موجودگی میں اعتراف کیا کہ انہوں نے واسا آفس گلبرگ سب ڈویژن میں میں کوئی شکایت بھی درج نہیں کرائی اور نہ ہی اس سے قبل وہ متعلقہ آفس یا آفیسر سے اپنی شکایات کے سلسلے میں ملنے آئے تھے۔