فیصل آباد، کاشتکاروں کو لہسن کے پتوں اور تنے کے گلاؤ کی بیماری سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

162

فیصل آباد۔ 12 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں اور نقصان رساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آبادڈاکٹر عامر رسول نے کہا ہے کہ لہسن کے پتوں اور تنے کے گلاؤ کی بیماری فصل پر کسی بھی مرحلے میں حملہ آور ہو سکتی ہے لیکن مرطوب موسم زیادہ خطرناک ہوتا ہے جبکہ نمدار موسم میں اس بیماری کے جراثیم پتوں اورتنوں پر بھورے رنگ کے دھبوں کی شکل میں نمودار ہوتے ہیں اور بعد میں ان کا رنگ سرخی مائل ہو جاتا ہے جس کے بعد متاثرہ پتے اور تنے گلنے سڑنے لگتے ہیں اوربیماری کی شدت کی صورت میں پودا مر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لہسن کے پتوں کے جھلساؤ کی بیماری سب سے پہلے لہسن کے پتوں کے سروں سے شروع ہوتی ہے جس سے فصل کے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ حملے کی شدت میں تمام پتے خشک ہو کر چڑ مڑ ہو جاتے ہیں جس سے لہسن کی گٹھیوں کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے اور پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات، مشاورت اور رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جاسکتاہے۔