فیصل آباد،محکمہ زراعت کی پیسٹی سائیڈز انسپکٹرز کوزر عی ادویات و کھادوں کی کوالٹی پر نظر رکھنے سمیت جعلی دوائوں کاکاروبار کرنے والوں کےخلاف کاروائی کی ہدایت

214
Dera Ghazi Khan
Dera Ghazi Khan

فیصل آباد۔ 19 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے تمام پیسٹی سائیڈز انسپکٹرزوزراعت افسران کوزر عی ادویات و کھادوں کی کوالٹی پر نظر رکھنے سمیت جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف فوری سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے تاکہ جعلی زرعی ادویات اور ناقص و غیر معیاری کھادوں کے استعمال سے فصلوں کی تباہی اور کاشتکاروں کوپہنچنے والے مالی نقصان کو روکا جاسکے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نےایک بیان میں کہاکہ زرعی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی فصلوں کی پیداوار پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے لہٰذاپنجاب حکومت زرعی ادویات اور کھادوں کی کوالٹی پر مکمل توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے کیونکہ جعلی زرعی ادویات اور کھادوں کی وجہ سے ہر سال کاشتکاروں کا کثیر زرمبادلہ ضائع ہوجاتا ہے جوکہ بہت بڑا ملکی وزرعی نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھادوں اور زرعی ادویات کی کوالٹی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گالہٰذا انسپکٹر ومحکمہ زراعت کے افسران کے ساتھ زرعی ادویات کی کمپنیوں اور ڈیلروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی ترجیحات کو سمجھیں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ اور جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والے عناصر کا قلع قمع کرنے میں محکمہ زراعت کے افسران سے تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کاشتکاروں کو اچھی پیداوار کے حصول میں مسائل اور رکاوٹیں برداشت کرنا پڑتی ہیں جن میں قدرتی آفات، سیلاب،بے وقت بارشیں، کیڑوں و بیماریوں کا حملہ اور درجہ حرات کی کمی بیشی جیسے مسائل قابل ذکر ہیں تاہم اس قسم کی صورتحال کا مقابلہ بہترمنصوبہ بندی سے کیا جاسکتا ہے جس کےلئے حکومت ہر قسم کے وسائل کاشتکاروں پر نچھاور کرنے کےلئے تیار ہے۔