فیصل آباد۔ 02 جنوری (اے پی پی):ملک میں تجارتی پیمانے پر جربرا کی کاشت شروع کردی گئی ہے۔ نظامت گلبانی، چمن آرائی و ہارٹیکلچرجامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ جربرا انتہائی خوبصورت کٹ فلاور ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں تجارتی پیمانے پر کاشت کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جربرا کی 40 سے زیادہ مختلف اقسام کی کاشت کی جاتی ہے جسے مختلف رنگوں، خوبصورتی و دلکشی کے باعث دنیا بھر میں گلاب، کارنیشن، گل داؤدی، ٹیولپ کے بعد سب سے زیادہ پسند اور فروخت کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ جربرا کے لئے معتدل آب و ہوا کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے اسے کھلے کھیتوں کی بجائے موسمی تغیرات سے بچانے کےلئے پولی ہاؤسز میں کاشت کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ3سال تک جربرا کا پودا شاندار پیداوار دیتا ہے اس لئے چوتھے سال ان کی جگہ نئے پودے لگانا زیادہ سود مند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جربرا کی کاشت بذریعہ بیج، تقسیم و ٹشو کلچر کی جاسکتی ہے تاہم تجارتی پیمانے پر کاشت کے لئے جربراکی افزائش بذریعہ ٹشو کلچر ہی کرنا زیادہ فائدہ مند ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=541699