فیصل آباد ۔ 08 اپریل (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نےکاشتکاروں کو سدا بہار، مکئی، جوارکی کاشت رواں ماہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں اورزرعی اراضی کے حامل لائیوسٹاک فارمرز کو ہدایت کی کہ وہ موسم گرما کی مناسبت سے مکئی، سدابہار، جوار، ماٹ گراس کاشت کریں اور فی ایکڑ بہتر پیداوار کےلئے زمین کی زرخیزی میں اضافہ کی غرض سے ماہرین زراعت کی مشاورت کی روشنی میں کھاد اور بیج کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ بہتر پیداوار کے لئے مکئی کا بیج 40، سدابہار15 اور جوارکا بیج 30 کلوگرام فی ایکڑ کاشت کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ مکئی کی فصل اپریل سے ستمبر اور جوار و سدابہار کی فصل اپریل سے مئی تک کاشت کی جاسکتی ہے۔ دریں اثنا محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے لائیوسٹاک فارمرز کو مفت مشوروں کے لئے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے ،مویشی پال حضرات کسی بھی مسئلہ یا مشاورت و معاونت کے لئے فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔