فیصل آباد۔ 06 مارچ (اے پی پی):کاشتکاروں کو کریلے کی کاشت بروقت مکمل کرنے، پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کے انتخاب اور کاشت کے فوراًبعد پہلی آبپاشی کی سفارش کی گئی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں سے کہاکہ وہ کریلے کی کاشت کےلئے ایسی زمین کا انتخاب کریں جس کی تیزابی خاصیت 7یااس سے کم ہو۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کی کاشت سے قبل 10 سے12ٹن فی ایکڑ گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور کھیت کو ہموار کرکے راؤنی کردیں جبکہ وتر آنے پر2سے3 مرتبہ سہاگہ چلا کر زمین کو اچھی طرح نرم وبھربھراکریں ۔
انہوں نے کہاکہ کریلے کی ترقی دادہ قسم فیصل آباد لانگ کااچھی روئیدگی والا ساڑھے3 سے پونے4 کلو گرام بیج فی ایکڑ پھپھوند کش دوائی میں بحساب 2سے3 کلو گرام لگاکر کاشت کریں ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو بوائی کے وقت فی ایکڑ3 بوری سنگل سپر فاسفیٹ، ایک بوری امونیم نائٹریٹ اور ایک بوری پوٹاش بھی ڈالنے کی ہدایت کی ہے۔