فیصل آباد،کاشتکاروں کو کپاس کی چنائی رات کی شبنم خشک ہونے کے بعد کرنے کی ہدایت

163
Cotton

فیصل آباد ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو فصل اور ٹینڈوں سے رات کی شبنم خشک ہونے کے بعد چنائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالداقبال نے کہا ہے کہ کپاس کی چنائی صبح 10 بجے سورج نکلنے پر شروع کی جائے تا کہ کپاس بد رنگ نہ ہونے پائے جبکہ مذکورہ چنائی سہ پہر 4بجے بند کردی جائے۔انہوں نے کہاکہ کپاس کی چنائی کے لئے جھولی کے طور پر استعمال ہونے والا کپڑاسوتی ہونا چاہیے اور چنی ہوئی پھٹی کو صاف اورخشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے اور اس کے بعد صاف اونچی اور خشک جگہ پر اکٹھا کیا جائے تاکہ پھٹی آلودگی سے محفوظ رہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار چنائی کے بعد بی ٹی اور غیر بی ٹی اقسام کی روئی کو علیحدہ رکھیں نیزچنی ہوئی کپاس میں نمی، کچے ٹینڈوں، کھکھڑی، رسیاں، سوتلی، بال وغیرہ کو ہر گزشامل نہ ہونے دیاجائے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کو گودام میں لے جانے سے پہلے یہ تمام اشیا ہاتھوں سے چن کر نکال دی جائیں۔علاوہ ازیں چنائی کے بعد پھٹی کو ایک دو دھوپ ضرور لگوائی جائیں تاکہ نمی کو مناسب سطح پر لایا جا سکے