فیصل آباد ۔ 14 جون (اے پی پی):فیصل آباد میں عید الا ضحیٰ کے حوالے سے ریسکیو پلان جاری کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 فیصل آباد نے عید الا ضحیٰ کے موقع پر حادثات سمیت کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کےلئے جامع ریسکیو پلان مرتب کر کے جاری کردیا۔
پلان کے مطابق ضلع بھر میں اہم مقامات پر 42 ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی کا پابند کر دیا گیا ہے۔ترجمان زاہد لطیف کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ خصوصی انسپیکشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو ریسکیو پوسٹوں کا معائنہ کریں گی، کنٹرول روم سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، کنٹرول روم میں کال ریکارڈنگ سافٹ ویئر، وہیکل ٹریکنگ سسٹم اور آئی پی کیمرہ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نماز عید کے دوران عید گاہوں، مساجد، تفریحی مقامات اور مویشی منڈیوں سمیت ریسکیو کی 42 ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولنسز اور فائر وہیکلز ہمہ وقت مختلف مقامات پر موجود رہیں گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ والدین سے گزارش ہے کہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے اور نہروں میں نہانے کی اجازت ہرگز نہ دیں تاکہ عید کے پر مسرت موقع پر کسی قسم کی ناگہانی صورتحال اور پریشانی سے بچا جا سکے۔