فیصل آباد،کپاس کے کاشتکاروں کو کیڑوں کے حملےکے بروقت انسداد کی ہدایت

118
Cotton cultivation
Cotton cultivation

فیصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):شعبہ پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسرار احمد نےکاشتکاروں کو کپاس کی فصل کو رس چوسنے والے کیڑوں،سبز تیلہ،سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے بروقت انسداد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے افسران کو روزانہ فیلڈ وزٹ کرکے کاشتکاروں کی رہنمائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فصل پر گلابی سنڈی کابروقت انسدادضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیڑوں کا حملہ اگر معاشی نقصان کی حد یعنی سبز تیلہ ایک بالغ یا بچہ فی پتا، سفید مکھی 5بالغ یا بچے فی پتا یا دونوں ملا کر 5فی پتہ اور گلابی سنڈی 5سنڈیاں فی 100نرم ٹنڈے سے زیادہ نظر آئے تو کیڑوں کے انسداد کے لئے محکمہ زراعت کی طرف سے سفارش کی گئی زہریں ٹرائی ایزوفاس 1000ملی لیٹر یا لیمبڈا سائی ھیلوتھرین 330ملی لیٹر یا گیما سائی ھیلوتھرین 100ملی لیٹر فی ایکڑ استعمال کی جائیں کیونکہ اس سے کیڑوں سے کافی حد تک نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیڑوں کے خلاف زہروں کا استعمال سفارش کی گئی مقدار میں اور بروقت کرنا ضروری ہے بصورت دیگر مثبت نتائج حاصل نہیں ہوتے اور وقت و پیسے کے علاوہ فصل کا بھی نا قابل تلافی نقصان ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم فصلوں پر بیماریو ں اور کیڑوں کے حملہ سے بچاؤ کے لئے کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی کریں اور اس سلسلہ میں سستی سے کام لینے والے فیلڈ افسران کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔