دوحہ۔26نومبر (اے پی پی):فیفا ورلڈکپ 2022ءمیں دفاعی چیمپئن فرانس نے ڈنمارک کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1گولز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی فرانس کی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے، مباپے نے دو گول کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ہفتہ کو قطر میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ڈنمارک کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کی اور اس کے ساتھ ہی ناک آئوٹ مرحلے کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں سرتوڑ کوشش کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم دوسرے ہاف کے 61ویں منٹ میں فرانسیسی اسٹرائیکر مباپے نے شاندار گول کر کے ٹیم کو ڈنمارک کے خلاف 1-0 گول کی برتری دلا دی تاہم سات منٹ بعد ڈنمارک کے اینڈریاس کرسٹنسن نے گول کر کے مقابلہ 1-1 گولز سے برابر کر دیا،
میچ کے آخری لمحات میں فرانس کے مباپے نے ٹیم کیلئے دوسرا گول کر کے ٹیم کو ڈنمارک کے خلاف ایک بار پھر برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اس کے بعد ڈنمارک نے حریف ٹیم کی برتری برابر کرنے کیلئے آخر دم تک بھرپور فائٹ کی تاہم فرانس کے مضبوط دفاع نے اس کے تمام حربے ناکام بنا دیئے،
اسطرح فرانس نے ڈنمارک کے خلاف ایک کے مقابلے میں دو گولز سے کامیابی حاصل کر کے پری کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ فرانس نے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا، دفاعی چیمپئن 30 نومبر کو اپنے آخری گروپ میچ میں تیونس کے مدمقابل ہو گی۔ دریں اثناءگروپ ڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے تیونس کو سخت مقابلے کے بعد1-0 گول سے ہرا کر ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچنے کی امید زندہ کر لی،
فاتح ٹیم کی جانب سے ڈیوک نے میچ کے 23ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی اور ان کا واحد گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔ گروپ سی میں کھیلے گئے ایک میچ میں پولینڈ نے سعودی عرب کو 2-0گولز سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی،پولینڈ کی جانب سے زیلنسکی اور لیونڈوسکی نے گولز کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی،
پہلے میچ میں ارجنٹائن کو تاریخی شکست دینے والی سعودی عرب کی ٹیم پولینڈ کے خلاف میچ میں ایک بھی گول نہ کر سکی، شکست کے باوجود سعودی عرب کے ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات برقرار ہیں، سعودی عرب کی ٹیم 30 نومبر کو اپنے آخری میچ میں میکسیکو جبکہ پولینڈ کی ٹیم ارجنٹائن کے مدمقابل ہو گی۔