لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کی معروف کمپنی فیملی فوڈ پراڈکٹس 28اکتوبر سے یہاں شروع ہونے والی 3روزہ سعودی انٹرنیشنل حلال ایکسپو 2024میں اپنی بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی پوری رینج کی نمائش کرے گی۔ فیملی فوڈ پراڈکٹس کے ڈائریکٹر ایکسپورٹس سیف الرحمان نے روانگی سے قبل اتوار کو یہاں میڈیا کو بتایا کہ ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزی بیشن سنٹر میں ہونے والی نمائش حلال تصدیق شدہ کاروبار کے سب سے نمایاں پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کھانے کی اشیا کی متنوع رینج تیار کرتے ہیں جو حلال رہنما اصولوں کے عین مطابق تیار کی جاتی ہیں اور معیار اور صداقت کو بھی یقینی بناتی ہیں، ان مصنوعات کی نمائش کر کے ہم بین الاقوامی معیارات کیلئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کریں گے، یہ نمائش غذائی مصنوعات کے تقسیم کاروں، خوردہ فروشوں اور صنعت کے ماہرین سمیت عالمی خریداروں کے ساتھ ملاقاتوں اور نیٹ ورکنگ کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی جبکہ اس باوقار ایکسپو میں شرکت اور پاک فوڈ پراڈکٹس کی نمائش کا مقصد بین الاقوامی مارکیٹ خاص طور پر مشرق وسطی میں اپنی رسائی کو بڑھانا اور حلال فوڈ پروڈکشن میں اپنے برانڈز کو ایک قابل اعتماد نام کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517501