اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی ملتان زون نے انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے ملتان زون کی انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف بڑی کارروائیاں جاری ہیں، جاری کریک ڈائون کے دوران2 ملزمان کو ملتان کے مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد مزمل اور شیر خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث پائے گئے، ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیالئے۔ ملزم محمد مزمل نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 52 ہزار روپے ہتھیائے۔
ملزم شیر خان نے شہری کو برطانیہ میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیا اور 20 لاکھ روپے وصول کئے۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے، ملزمان بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے جنہیں گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔