فیڈمک پنجاب میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

80

فیصل آباد۔18جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ فیڈمک پنجاب میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری سے لگنے والی صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوانوں کو ہنر مند ہونے پر روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے ،نیز پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے ویلیو ایڈیشن و گارمنٹس سٹی فیصل آباد میں فیڈمک کے اشتراک سے ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کا قیام احسن اقدام ہے جس سے انڈسٹری اکیڈیمیا روابط کے فروغ کے ساتھ ساتھ صنعتی و معاشی ترقی بھی ممکن ہوسکے گی اسی طرح دیگر جامعات کی جانب سے بھی دوسرے انڈسٹریل زونز میں اس طرح کے ادارے قائم کروانے کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی جس کیلئے پنجاب بھر کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کے ساتھ ساتھ ہم اکنامک زونز کی کامیابی کیلئے تمام ممکن اقدامات کریں گے تاہم متعلقہ اداروں کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پیر کی سہ پہر ویلیو ایڈیشن و گارمنٹس سٹی فیصل آباد میں فیڈمک اور پنجاب یونیورسٹی کے اشتراک سے قائم ہونیوالے ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران تمام جامعات کے وائس چانسلرز نے پوری کمٹمنٹ کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا اور آن لائن تعلیمی، تدریسی، تحقیقی سرگرمیوں کو جاری رکھا گیالہٰذاتعلیم کیلئے فروغ کیلئے ان کی جانب سے کئے گئے اقدامات قابل فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ گورنر بنے توان کے ذہن میں مختلف ٹارگٹ تھے جن میں ہائر ایجوکیشن میں کوالٹی لانا، شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بجلی کی کمی اور توانائی کے بحران سے بچنے کیلئے یونیورسٹیز کو سولر سسٹم پر منتقل کرناوغیرہ سر فہرست تھے اور یہ امر اطمینان بخش ہے کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کے قیام سے یہاں فیصل آباد ڈویژن سمیت قریبی اضلاع کے ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنیوالے نوجوانوں کو ہنر مند ہونے پر روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہتوانائی کی کمی سے بعض مشکلات کا سامنا ہے لیکن بعض یونیورسٹیز نے سولر پینل سسٹم پر کام شروع کردیا ہے جبکہ کورونا کی وبا کے باعث کچھ یونیورسٹیز میں سولر سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے کچھ تاخیر ہوئی ہے تاہم اب وہاں بھی کام شروع کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی دراصل صنعتی ترقی سے جڑی ہوئی ہے کیونکہ جب صنعت ترقی کرے گی تو اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی، بر آمدات کو فروغ حاصل ہوگا اور قیمتی زرمبادلہ سے معیشت مستحکم اور تعمیراتی و ترقیاتی سرگرمیاں شروع کر کے عوامی مسائل کے حل سمیت غربت و بیروزگاری کا خاتمہ کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے حالیہ دورہ فیصل آباد کے دوران واضح کیا تھا کہ صنعتی ترقی کے بغیر ملکی ترقی کا خواب ادھورا ہے لہٰذا انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ سی پیک اتھارٹی اور فیڈمک سمیت دیگر ادارے مل کر ترجیحی اکنامک زونز کی کامیابی کو یقینی بنائیں نیز یہاں انڈسٹریل مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ٹیکنیکل کورسز کروانے اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے ادارے قائم کریں لہٰذا مذکورہ ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کا قیام اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن و گارمنٹس سٹی کھرڑیانوالہ فیصل آباد،علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹ سمیت دیگر صنعتی بستیوں میں لگنے والی ملکی و غیر ملکی انڈسٹری کو ان کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت یافتہ جدید علوم و فنون و مہارتوں سے لیس افرادی قوت دستیاب ہوسکے گی جس سے نہ صرف ان صنعتوں کی ورکنگ کپیسٹی میں زبردست اضافہ ہوگا بلکہ ہمارے نوجوانوں کو بھی بہت بڑی تعداد میں باعزت روزگارکے مواقع میسر آسکیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری انڈسٹریل سٹیٹس میں جو صنعتیں لگ رہی ہیں ہم ان کی تمام ضروریات کو پورا کریں گے نیز مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی ہنر سیکھ کر کام کے محفوظ و آبرو مندانہ مواقع کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ وہ بھی ملکی ترقی و اقتصادی خوشحالی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن و گارمنٹس سٹی کھرڑیانوالہ فیصل آبادمیں قائم کیا جانیوالا مذکورہ ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن ہماری صنعتی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا اور اس سے یہاں مزید صنعتیں لگانیوالوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی کیونکہ انہیں ہنر مند افرادی قوت کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ صنعت اور جامعات میں تعاون فروغ پانے سے ہماری ترقی کی رفتار میں تیزی اور معیار میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کے قیام میں پنجاب کی سب سے بڑی و تاریخی اہمیت کی حامل جامعہ پنجاب کے وائس چانسلرکا کردار بھی لائق ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ملکی صنعتی ترقی و معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے لہٰذا سی پیک ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سمیت دیگر صنعتی بستیوں کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جس کیلئے پہلے ہی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی طرح دیگر یونیورسٹیزکو بھی فیڈمک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پاکستان سٹینڈرڈکوالٹی کنٹرول بورڈ اور پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کے ذمہ داران بھی موجود ہیں لہٰذا وہ ان سے بھی کہتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی منڈیوں میں عالمی معیار کی حامل مصنوعات کے مقابلہ کیلئے اپنی ملکی مصنوعات کی کوالٹی اور سٹینڈرڈ کو امپروو کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔گورنر نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران پاکستان کی بہتر حکمت عملی کی وجہ سے ہمارے پاس تجارت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کیلئے ہر محکمہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی طرز پر دیگر یونیورسٹیز سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بھی کوالٹی مینجمنٹ کے ڈگری پروگرامز شروع کریں تاکہ پنجاب یونیورسٹی کے کامیاب ماڈل کو دوسری جامعات میں بھی دہراکر اس سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کوئی بھی نیا منصوبہ شروع کرنا اگرچہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے لیکن اس سے بھی اہم یہ ہے کہ اس منصوبہ کو کامیاب بھی بنایا جائے لہٰذا وہ امید کرتے ہیں کہ فیڈمک اور پنجاب یونیورسٹی مل کر مذکورہ ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے فیڈمک کے تمام منصوبہ جات کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔ قبل ازیں پنجاب یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اخترنے انسٹیٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام شروع کئے جانیوالے منصوبہ کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے معزز مہمانوں کو اب تک کی فیڈمک اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سی پیک ترجیحی اکنامک زونز کی ڈویلپمنٹس سے آگا ہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ فیصل آباد کے دوران زیادہ سے زیادہ ٹیکنیکل ہینڈ افرادی قوت کی صنعتی ڈیمانڈ کے مطابق تیاری کیلئے ایسے منصوبوں کے آغاز کی ہدایت کی تھی جس پر برق رفتاری سے عملدرآمد کرتے ہوئے سکلڈ مین پاور کی تیاری کی غرض سے مذکورہ منصوبہ ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح 5 سے 6 مزید ٹریننگ سنٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔ میاں کاشف اشفاق نے ٹریننگ اینڈ کوالٹی مینجمنٹ انسٹیٹیوشن کے قیام کے سلسلہ میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر داکٹر نیاز احمد اخترکا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر داکٹر نیاز احمد اخترکو فیڈمک کی یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔تقریب کے موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری عاصم نذیر، صوبائی وزیر برائے وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم پنجاب چوہدری محمد اجمل چیمہ، صوبائی وزیر کالونیز میاں خیال احمد کاسترو، چیئرمین فیصل آباد ترقیاتی ادارہ چوہدری لطیف نذر ایم پی اے، ممبران صوبائی اسمبلی میاں شکیل شاہد،فردوس رائے، عادل پرویز،سی ای او فیڈمک میاں عامر سلیمی، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے افسران، فیصل آبادڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے حکام، صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئر حافظ احتشام جاوید، فیڈمک بزنس زون کی انتظامیہ،مختلف صنعتی، کاروباری و تجارتی تنظیموں کے عہدیداران اور کئی دیگر اہم افراد بھی موجود تھے۔