قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت کی بدولت ہمیں پیارا وطن پاکستان ملا، وہ خداداد صلاحیتوں کے مالک تھے جو اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام

126
قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت کی بدولت ہمیں پیارا وطن پاکستان ملا، وہ خداداد صلاحیتوں کے مالک تھے جو اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ناممکن کو ممکن بنایا اور ان کی انتھک محنت کی بدولت ہمیں ہمارا پیارا وطن پاکستان ملا،قائداعظم خداداد صلاحیتوں کے مالک تھے جو اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے،بطور پاکستانی یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے انتھک محنت کریں۔

پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائداعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یوم پیدائش پر جاری پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 148 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں اور ان کی غیر معمولی بصیرت، غیر متزلزل ہمت اور بے مثال عزم کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم نے وہ کر دکھایا جسے بہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے اور ان کی انتھک محنت کی بدولت ہمارا پیارا وطن پاکستان معرض وجود میں آیا،قائداعظم نادر صلاحیتوں کے حامل رہنما تھے جو اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی زندگی ان گنت لوگوں کو ایک روشن خیال استاد، بصیرت رکھنے والے وکیل، اصولی اور ثابت قدم سیاست دان اور کرشماتی رہنما کے طور پر متاثر کرتی آئی ہے۔ قائد اعظم کی جدوجہد کا سفر یقین کی طاقت ، محنت اور لگن کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے، انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ "ناکامی میرے لیے نامعلوم لفظ ہے” اپنے الفاظ کے مطابق انہوں نے اپنے عزم کی پیروی کی اور برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو ایک قوم بنانے میں کامیاب ہوئے، قائد اعظم کے لیے ان کے حتمی مقصد کے حصول کے سامنے عنوانات اور تعریفوں کی حیثیت ثانوی تھی۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں بلا لحاظ مذہب و نسل ہر شہری عزت، آزادی اور مساوی مواقع کے ساتھ زندگی بسر کر سکے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے قائد اعظم کا وژن شمولیت، اتحاد اور خوشحالی کا تھا،جب ہم آج کے دن ان کی سالگرہ منا رہے ہیں تو آئیے قائداعظم کی میراث سے سبق حاصل کریں اور ان اقدار کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کریں جن کے لیے انہوں نے جہدوجہد کی، بطور پاکستانی یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے انتھک محنت کریں۔