قائم مقام سیکرٹری خیبرپختونخوااسمبلی سید وقار شاہ سے پشاور یونیورسٹی شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن کےوفد کی ملاقات

102

پشاور۔ 05 نومبر (اے پی پی):قائم مقام سیکرٹری خیبرپختونخوااسمبلی سید وقار شاہ سے پشاور یونیورسٹی شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن کی چئیر پرسن ڈاکٹر عمرانہ اسمائیل کی قیادت میں وفد نے اسمبلی چیمبر پشاور میں ملاقات کی۔اس موقع پر اسمبلی سیکرٹریٹ کے پبک ریلیشنز اور تحقیقی شعبہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ملاقات میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے تاریخی پہلوئوں کو نمائشی تصاویر کی صورت میں فریم کرنے اور اسمبلی کے اولڈ ہال جو کہ اپنے آپ میں ایک تاریخ رکھتا ہے

اس کی تاریخی حیثیت کو اجاگر کرنے اور اس اہم عمارت کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام سیکرٹری نے پشاور یونیورسٹی وفد کو خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں صوبائی اسمبلی ہال، اولڈ جرگہ ہال، سپیکر، ڈپٹی سپیکر و قائد ایوان کے دفاتر، سپیکر و ڈپٹی سپیکر گیلری، فلیگ پوائنٹ کا دورہ بھی کروایا تاکہ آرٹس ڈیپارمنٹ کے ماہرین ان حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس روشنی میں اپنی تجاویز پیش کر سکیں۔

سید وقار شاہ نے کہا کہ سپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بطورِ سپیکر پارلیمان کی اہمیت اور اس میں عوامی دلچسپی پیدا کرنے پر ہمیشہ زور دیا تاکہ عوام اس عمل کو بہتر انداز میں سمجھیں کہ پارلیمان وہ جگہ ہیں جہاں عوامی نمائندے اپنے لوگوں کے حقوق کے تحفظ اور قانون سازی کے عمل کر سر انجام دیتے ہیں،اسمبلی سیکرٹریٹ کو پشاور یونیورسٹی کے شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن اور دیگر متعلقہ صوبائی محکموں کی خدمات درکار ہیں تاکہ اس اہم تاریخی ورثے کو محفوظ کر یں اور اسے عوامی نمائش اور اپنے طالب علموں کے لیے پیش کر سکیں۔