اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں مختلف قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں، سینیٹرز،، دانشوروں، وکلا، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان، کاروباری حضرات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطے کی مجموعی صورتحال، پاکستان-بھارت تعلقات، قومی سلامتی، ترقی، بجٹ اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق قائمقام چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور کسی بھی جارحیت یا مداخلت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ رات بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کی گئی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا،
جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج ہمہ وقت مستعد ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ انہوں نے مسلح افواج کو ان کی بہادری، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ موجودہ حکومت اور تمام سیاسی و ریاستی ادارے پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور امن کے قیام کے لیے یک زبان اور متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیز فائر کی کوششیں خوش آئند ہیں اور اُمید ظاہر کی کہ ان سے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ملک کی ترقی، خوشحالی اور سیاسی و اقتصادی استحکام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں کی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ بجٹ 2025-26 کی تیاریوں کے سلسلے میں انہوں نے سینیٹرز سے خصوصی ملاقات کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ آئندہ بجٹ عوام دوست، نوجوان دوست اور قومی ترقی کو مدِنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا جا رہا ہے۔
بجٹ میں نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم اور کاروباری مواقع، طلبہ کے لیے سہولتیں، وکلا اور سول سوسائٹی کے لیے خصوصی اقدامات اور عام شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے جامع منصوبے شامل ہوں گے۔ملاقات ایک مثبت، بامقصد اور قومی ہم آہنگی سے بھرپور ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے قائمقام چیئرمین سینیٹ کی قومی سوچ، مدبرانہ قیادت اور افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595393