30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 21, 2025
ہومقومی خبریںقائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا بھارتی بربریت کے دوران زخمی ہونے...

قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا بھارتی بربریت کے دوران زخمی ہونے والے شہریوں اور جوانوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار

- Advertisement -

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم شہریوں اور دفاع وطن میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج زخمیوں کو گلدستے اور فروٹ باسکٹس بھجوائیں اور ان کی جلد شفایابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے اور بھارت آئندہ ایسی حماقتوں سے گریز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی مسلح افواج، تمام سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کی طر ف سے یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ قابل تحسین اور بے مثال ہے۔سیدال خان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا اور قوم کا یہ اتحاد ہر دشمن کو مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج افراد میں سویلین زخمیوں کے ساتھ ساتھ مادر وطن کے بہادر سپوت بھی شامل ہیں ۔

- Advertisement -

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لئے متحد اور تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ضرور ہے مگر اپنی خودمختاری، سلامتی اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔حالیہ واقعہ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہماری افواج اور قوم ہر مشکل گھڑی میں یکجان اور ایک آواز ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت کی جانب سے جاری جنگی جنون اور خطے کے امن و استحکام کو لاحق خطرات کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر بھارتی ہٹ دھرمی اور اشتعال انگیزی کسی طور قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی، سیاسی اور عسکری ہر محاذ پر اپنی قومی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھاتا رہے گا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے سی ایم ایچ میں زیر علاج افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور ان کے حوصلے اور جرأت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سیدال خان نے کہا کہ قوم اپنے ان سپوتوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے ان کا جذبہ ہر پاکستانی کے لئے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے زخمیوں کے اہلخانہ سے بھی اظہارِ یکجہتی کیا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599290

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں