قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں 9کشمیری نوجوانوں کی شہادت ظلم کی انتہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

98

اسلام آباد ۔ 9 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں 9کشمیری نوجوانوں کی شہادت ظلم کی انتہا ہے، اپنے جمہوری حق کیلئے سراپا احتجاج نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز، آنسو گیس اور دیگر مظالم انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں جس کا اقوام عالم کو ہر صورت نوٹس لینا ہوگا۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بھارت جبرو استبدادسے کشمیریوں کے خود ارادیت کے حق کی عظیم جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتا، کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کورونا وائرس کی وبا سے برسر پیکار ہے تو دوسری جانب بھارت مظلوموں پر ستم ڈھا کر بنیادی انسانی حقوق کو روند رہا ہے، بھارت کا انتہا پسند چہرہ دنیا پر بے نقاب ہو چکا ہے۔