اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):قازقستان کے قومی دن کے حوالے سے جمعہ کو یہاں تقریب کا انعقاد ہوا۔ سفارت خانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں خصوصی بچوں ، غیر ملکی سفارتکاروں، پاکستان میں مقیم قازقستان کے شہریوں، معززین اور سول و فوجی افسران بھی شریک ہوئے۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز پاکستان اور قازقستان کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزراء نے قازقستان کے سفیر اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ قازقستان کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔