اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفارت خانے نے "قازقستان کے یوم جمہوریہ” کے جشن میں ایک سفارتی استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ تقریب میں پاکستانی حکام، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے ارکان، وزارت خارجہ کے افسران ، غیر ملکی سفیروں اور ملٹری اتاشیوں کے علاوہ قازقستان کے نمائندوں، ماہرین اور پاکستانی تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور ، وزیر مملکت برائے توانائی مصدق مسعود ملک اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز تھے۔
استقبالیہ کلمات میں قازقستان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے جمہوریہ قازقستان کے صدرکے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔
مہمان خصوصی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے قازقستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی اہمیت، ان کی مزید مضبوطی اور ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے بین العلاقائی ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کی خصوصی اہمیت، اس کے تنوع اور قازقستان پاکستان تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔ روٹری کلب آف اسلام آباد نے خصوصی بچوں کی پینٹنگز کی نمائش کا انعقاد بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=334212