قبائلی تنازعات ختم کرکے بھائی چارے اور ترقی و خوشحالی کو فروغ دیا جاسکتا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

148
Chairman Senate
Chairman Senate

چاغی۔10 مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے قبائلی تنازعات ختم کرکے بھائی چارے اور ترقی و خوشحالی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ وہ جمعے کو چاغی کے نواحی علاقے چارسر میں ایک قبائلی جرگے سے خطاب کررہے تھے جہاں محمدحسنی اور ساسولی قبیلے کے مابین ایک دہائی سے جاری خونی تنازعے کا پرامن تصفیہ کیا گیا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خونی تنازعے کے پرامن حل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فریقین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق سے ہی ملک و قوم کی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ حکومت دور دراز علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دیرپا اقدامات اٹھارہی ہے جس کے ثمرات عام لوگوں تک بھی پہنچیں گے۔ انہوں نے ساسولی قبیلے کے اور ان کے سربراہ سردار چنگیز خان ساسولی کی فراغ دلی کی تعریف کرتے ہوئے محمدحسنی قبیلے سے گزارش کی کہ وہ اس کی لاج رکھیں۔

انہوں نے دونوں قبیلے میں جاری خونی تنازعے کے پرامن تصفیے کو ضلع چاغی کے تمام قبائلی عمائدین پر احسان قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ عید کے بعد وہ پھر سے چارسر کا دورہ کریں گے اور متاثرہ خاندانوں کے افراد کو ذاتی خرچے پر حج و عمرہ کرائیں گے تاکہ ان میں محبت اور بھائی چارہ بڑھ جائے۔