قدرت کی متعین کردہ حدود سے تجاوز کرنے سے ماحول میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے، کورونا جیسی آفات سے بچنے کے لئے ایکو سسٹم کی بحالی بہت اہم ہے،معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا تقریب سے خطاب

66

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ قدرت کی متعین کردہ حدود سے تجاوز کرنے سے ماحول میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے، کورونا جیسی آفات سے بچنے کے لئے ایکو سسٹم کی بحالی بہت اہم ہے، اس حوالے سے حکومت نے بڑے پیمانے پر شجر کاری اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئےپروٹیکٹڈ ایریاز کی تعداد میں اضافے جیسے منصوبے شروع کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو عالمی یوم جنگلی حیات کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کیا، اس موقع پر انہوں نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ٹریل 2 کا افتتاح بھی کیا۔

تقریب کا اہتمام اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے کیا تھا۔ امین اسلم نے کہا کہ ذرائع معاش کے امکانات جنگلات کے تحفظ اور محفوظ علاقوں جیسے اقدامات سے منسلک ہیں، اگر مقامی آبادیوں کو جنگلات کے تحفظ کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تو اس سے جنگلات کے حوالے سے احساس ملکیت پیدا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں مادہ چیتا کی موجودگی بہت اہم ہے جو ان کی تعداد میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گلگت بلتستان میں دو بڑے نیشنل پارکس کے قیام کے اعلان کے بعد پنجاب کی سالٹ رینج میں بھی سات نیشنل پارکس کا افتتاح کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا پہلا نیچر بانڈ جاری کرے گا، اکنامک فریم ورک کو ایکو سسٹم کی بحالی سے منسلک ہونا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے عدم توازن کی وجہ سے کورونا جیسی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لئے قدرت کی متعین کردہ حدود سے تجاوز نہیں کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن نے کہا کہ اسلام آباد چڑیا گھر کی جگہ جنگلی حیات کا قدرتی مسکن قائم کیا جائے گا جس میں تربیت یافتہ عملہ اور ویٹرنری سروسز کا حامل انفارمیشن سینٹر بھی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس کا کل رقبہ 82 ایکڑ تک بڑھایا گیا ہے اور یہاں جنگلی حیات کی مقامی اقسام کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید، ماہرین ماحولیات، مختلف ممالک کے سفارتکار اور عام شہری بھی موجود تھے۔ تقریب میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں حیاتیاتی تنوع کے بارے میں ڈاکومنٹریز بھی پیش کی گئیں۔