قدرتی آفات بچاو پیشگی نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ تھنک ٹینک اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر مرکزی کردار ادا کریں گے،لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک

127

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کہا ہے کہ قدرتی آفات بچاو پیشگی نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ تھنک ٹینک اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر مرکزی کردار ادا کریں گے، قدرتی آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لیے جدید تکنیکی اصولوں پر استوار ابتدائی انتباہی نظام کے لیے مشترکہ آپریشن اورفرضی مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آفات سے پہلے پیشگی تیاری کے لیے متعلقہ اداروں کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ آفات کے خطرے سے دوچار عوام کو آفات کے منفی اثرات سے بچایا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نسٹ میں فلاحی تنظیموں کے ساتھ رابطہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں پاکستان ہیومینٹیرین فورم اور نیشنل ہیومینٹیرین نیٹ ورک کے اراکین کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی این جی اوز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد قدرتی آفات کے خطرات کے تدارک اور آفات سے نمٹنے کے نظام کو موئثر اور فعال بنانے پر غور کر نے کےساتھ تمام معاون اداروں میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے موئثر اور مربوط لائحہ عمل کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے قومی سطح پر تیاری اور رسپانس کے نئے تشکیل شدہ فریم ورک کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے تشکیل شدہ فریم ورک کے زریعے موسمیاتی تبدیلیوں اور ہنگامی صورتحال سے پیشگی نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ تھنک ٹینک اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر مرکزی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لیے جدید تکنیکی اصولوں پر استوار ابتدائی انتباہی نظام کے لیے مشترکہ آپریشن اورفرضی مشقوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے آفات سے پہلے پیشگی تیاری کے لیے متعلقہ اداروں اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ آفات کے خطرے سے دوچار عوام کو آفات کے منفی اثرات سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے فلاحی اقدامات کے محاذ پراین جی اوز/آئی این جی اوز کے درمیان قومی رضاکاروں کے ساتھ ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ ملک میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور رسپانس کومزید موئثر اور فعال بنایا جا سکے۔ شرکاء نے این ڈی ایم اے اور تمام معاون اداروں کے اقدامات کو ہم آہنگ کرنے اور پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ازسرنو تشکیل کے لیے تعلیمی اداورں اور متعلقہ معاون اداروں کے ساتھ مکالمے کے انعقاد کو سراہا۔ این جی اوز/آئی این جی اوز اورتعلیمی اداروں کے نمائند گان نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں انتظامیہ، تعلیمی محققین،آفات کے خطرات کے تدارک اور تمام متعلقہ شعبوں میں ہم آہنگی، وسائل کی تقسیم اور پروجیکٹ فنڈنگ سے متعلق مختلف امور پر توجہ مبذول کروائی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے شراکاء کی تجاویز و آرا کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اس اجلاس کی سفارشات کو قومی سطح پر تیاری اور رسپانس سسٹم کے ازسر نو تشکیل شدہ فریم ورک میں شامل کیا جائے گا۔