گلگت۔2نومبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں شا ندار و رنگارنگ جشن آزادی گلگت بلتستان سپورٹس گالا کا آغاز ہوگیا۔شعبہ تعلقات عامہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مطابق سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کرکٹ شارٹ کھیل کر ایونٹ کا باقاعدہ آغاز کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میرتعظیم اختر، سینئر ڈین ڈاکٹر خلیل احمد،یونیورسٹی کے سینئر انتظامی وتدریسی افسران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
اس موقع پر ایمان شاہ نے سپورٹس گالا کے بہترین انتظامات کرنے پر سپورٹس کمیٹی کے اراکین کی کوششوں کو سراہااور کھیل کو انسانی صحت کے لیے لازمی جز قرار دیتے ہوئے کہاکہ طلبا کھیل کو قیام امن،بھائی چارگی کے فروغ اور رویوں میں تبدیلی کا ذریعے بنائیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی نے کہاکہ کھیل انسانی جسم کو صحت بنانے کے ساتھ ساتھ ذہنی تندرستی کاضامن ہے۔
کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ انسان میں قائدانہ صلاحتیو ں میں بہتری کا ذریعے ہے لہذا طلبہ وطالبات تعلیم وتحقیق کے ساتھ ساتھ کھیل پر بھی توجہ دیں تاکہ ترقی یافتہ قوم و صحت مند معاشرے کا قیام یقینی ہوسکے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہاکہ سپورٹس گالا نوجوانوں کو ایک مثبت پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس سے طلباء کو اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں استعمال کرنے اور اتحاد و یگانگت کا جذبہ پیدا کرنے سمیت ان کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ ہے واضح رہے کہ جشن آزادی گلگت بلتستان سپورٹس گالا 9نومبر 2023ء تک جاری رہے گا۔
جس میں یونیورسٹی کے مین کیمپس کے شعبہ جاتی ٹیموں کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔جن میں کرکٹ،فٹ بال،والی بال،باسکٹ بال،رسہ کشی اور بیڈ منٹن شامل ہیں۔