قصور۔ 30 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرقصور عمران علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور محمدعیسیٰ خاں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جونیجو، اسسٹنٹ کمشنر قصور اسفند یارسمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے زیر التواء کیسز اور اب تک کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی گئی۔
بیرون ممالک مقیم افراد کی طرف سے مختلف شکایات کی سماعت کی اور ان پر مناسب احکامات جاری کئے۔اجلاس میں اوور سیز پاکستانیوں کی طرف سے دی گئی13درخواستوں کی سماعت ہوئی جن میں 4حل کرکے باقی 13درخواستیں مزید کارروائی کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو بھیج کر اُنہیں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئیں۔محکمہ ریونیو، پولیس‘میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکموں کے افسران کو ہدایات دی گئی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کا حل پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا کوئی کیس التواء میں نہ رکھا جائے اور کیسز بارے پیش رفت کے سلسلے میں درخواست گزاروں کو مسلسل آگاہ رکھا جائے۔ حکومت بیرون ملک کام کرنیوالے پاکستانیوں کی جائیداد اور سرمائے کی ضامن اور محافظ ہے اس لئے یہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکمہ جات اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کو سنجیدگی کیساتھ حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار اداکریں۔