قصور ،مریضوں کو بہترین علاج اور مفت ادویات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ،ڈپٹی کمشنر قصور

97

قصور۔ 24 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصورعمران علی نے بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔ انہوں نے مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات‘میڈیسن کی دستیابی‘صفائی ستھرائی اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اچانک دورہ کر کے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، میڈیکل، سرجیکل، بچہ وارڈ، کارڈیالوجی وارڈ‘ایکسرے روم، میڈیسن سٹور سمیت دیگر وارڈز اور شعبوں میں ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی اور شہریوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کردہ طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کیمطابق لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی طور پر کوشاں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے‘ڈاکٹر وپیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملہ کو اپنی ڈیوٹی کو ایمانداری کیساتھ سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو بہترین علاج، تشخیص کیساتھ مفت ادویات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے تاہم عام آدمی کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کیلئے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔