قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل

228
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل

دوحہ۔11دسمبر (اے پی پی):قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی، دلچسپ مقابلوں کے بعد دفاعی چیمپئن فرانس، مراکش، ارجنٹائن اور کروشیا نے فائنل فور میں جگہ بنا لی ۔

میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل ارجنٹائن اور کروشیا کی ٹیموں کے درمیان 14 دسمبر کو لوسیل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ کوارٹر فائنل مرحلے میں ارجنٹائن نے نیدرلینڈز اور کروشیا نے برازیل کو ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، کروشیا کی ٹیم 2018 ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکی ہے تاہم اسے فرانس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل فرانس اور مراکش کے درمیان 15 دسمبر کو البیت سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مراکش نے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے جبکہ فرانس نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی، ورلڈ کپ کا فائنل 18 دسمبر کو لوسیل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔