اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر قطر کے شاہی خاندان کے رکن شیخ فلاح بن جاسم تین روزہ دورے پر جمعرات کو پاکستان پہنچ گئے۔ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چیئرمین سینیٹ اور اعلیٰ حکام نے مہمان اور ان کے وفد کا استقبال کیا ۔
سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات مذہبی اور ثقافتی مماثلتوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر کے وفد کے دورے کے دوران اہم معاشی و تجارتی امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا، دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اعلی سطح وفود کے تبادلوں سے باہمی معاونت کاری کو مزید فروغ ملے گا ۔ قطر کے شاہی خاندان کے رکن نے شاندار استقبال پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا۔