قوم خوشحال پاکستان کے عہد کے ساتھ یوم تکبیر منا رہی ہے،وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین

60
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے یوم تکبیر پر قوم، سائنسدانوں اور بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور لچکدار پاکستان کی تعمیر کے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔

یوم تکبیر کے حوالہ سے اپنے خصوصی پیغام میں رانا تنویر حسین نے یوم تکبیر پر اتحاد کو اجاگر کرتے ہوئے ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ رانا تنویر حسین نے پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور پہلا اسلامی ایٹمی ملک بنانے کے حوالہ سے سابق وزیر اعطم محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور سائنس دانوں کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان نے کبھی بھی اپنے قومی وقارپر سمجھوتہ نہیں کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی طاقت بن کر اپنی دفاعی طاقت کا مظاہرہ کیا اور یہ دن ہمیں اتحاد، حوصلے اور خود ارادیت کا سبق دیتا ہے۔ رانا تنویر حسین نے اس بات پر زور دیا کہ قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئیے ہم اپنی لگن اور وفاداری کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک خوشحال ملک کی تعمیر کا عہد کریں۔